آئینہ کے رکن بنیں ؞؞؞؞؞؞؞ اپنی تخلیقات ہمیں ارسال کریں ؞؞؞؞؞s؞؞s؞؞ ٓآئینہ میں اشتہارات دینے کے لئے رابطہ کریں ؞؞؞؞؞؞؞؞؞ اس بلاگ میں شامل مشمولات کے حوالہ سے شائع کی جاسکتی ہیں۔

Saturday, 21 September 2019

shagufta khatir ka aurangabad bihar mein ijra

پنڈت نے دام شیخ نے قیمت وصول کی 
کتنے میں کون کون بکا ہم سے پوچھئے

اورنگ آباد میں سید حسن عسکری طارق کے مجموعہ کلام "شگفتہ خاطر" کی رسمِ اجرا  



اورنگ آباد (نمائندہ آئینہ)اورنگ آباد کے مدرستہ الصفہ سیدنا مصعب بن عُمیر ، محلہ نواڈیہہ کے کانفرنس ہال میں جناب سید ناطق قادری کے برادرِ معظم جناب سید حسن عسکری طارق مدنی نوراللہ مرقدہ کے مجموعہ کلام "شگفتہ خاطر" کا رسمِ اجرا ہوا ۔ جس میں اورنگ آباد شہر کے شائقین ادب نے شرکت کی۔ "شگفتہ خاطر" مزاحیہ شاعری کا ایک حسین ترین مجموعہ ہے ۔


اس تقریب کی نظامت مدرستہ الصفہ کے سرپرست جناب مولانا فہیم ندوی کر رہے تھے ۔ تقریب کے آغاز میں مولانا فہیم ندوی نے ایک بیحد عمدہ نعت پاک پڑھی ۔ بعد ازاں جناب سید ناطق قادری نے کتاب اور اپنے برادر مکرم جناب حسن عسکری طارق مدنی کے حوالے سے پر مغز تقریر کی و سامعین سے خطاب کیا ۔ جناب ناطق قادری نے حسن عسکری طارق  کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ طارق صاحب اگرچہ پیشے سے انجینئر تھے مگر ان کی شاعری اور ان کا دینی مزاج ان کو دوسروں سے بیحد مختلف اور ممتاز رکھتا ہے ۔ اخیر وقت میں ان کی خواہش تھی کہ مدینے کی پاک سرزمین ہی ان کا آخری ٹھکانہ ہو اور یہی ہوا بھی ۔ ان کی اس نیک خواہش کو الله نے قبول فرمایا ۔ آپ نے مدینے میں ہی آخری سانسیں لیں اور وہیں دفن ہوئے ۔ ناطق قادری نے سید حسن عسکری طارق کے کچھ عُمدہ اشعار بھی سنائے ۔


پیش ہیں چند منتخب اشعار

گھر والوں کو غصہ میرے اس کام سے آیا 
کیوں شعر سنانے کو میں دمام سے آیا 

میں نے تمہارا نام ہی ماہِ تمام رکھ دیا 
تم نے مسل کر دل میرا صورت حرام رکھ دیا  

ٹوپی اتار اتار چپت مارتا ہے کون 
دیکھو تو ذرا پیچھے ہی میرے کھڑا ہے کون  

پنڈت نے دام شیخ نے قیمت وصول کی 
کتنے میں کون کون بکا ہم سے پوچھئے 

گرگے لیکر ووٹروں کو گاؤں دھمکانے گئے 
ہم الیکشن کی بدولت ہر طرف جانے گئے 

اس تقریب میں شرکت کرنے والوں میں جناب مسیح الزماں صاحب، پروفیسر مظفر حسین راز، مولانا قاری شاہد انور ندوی صاحب، ڈپٹی الیکشن آفیسر جناب جاوید اقبال صاحب، سید الحمداللہ صاحب، شبلی فردوسی صاحب، جناب گلفام صدیقی صاحب، نور عالم صدیقی صاحب، جناب یوسف جمیل صاحب، مولانا اختر حسن قاسمی صاحب و ڈاکٹر یوسف صاحب کے علاوہ مدرستہ الصفہ کے طلبہ و طالبات موجود تھے ۔ آخر میں جناب سید ناطق قادری صاحب نے اس تقریب میں شامل ہونے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔

(آئینہ جلد ہی شگفتہ خاطر پر ایک تبصراتی مضمون پیش کرنے جارہا ہے۔)

1 comment:

خوش خبری