تعلیمِ نسواں
اقصیٰ عثمانی
ماں کی گود بچے کی پہلی درس گاہ ہوتی ہے۔ یہی سبب ہے کے معاشرے میں لڑکیوں کی تعلیم کو ضروری قرار دیا گیا ہے کہتے ہیں کہ اگر ایک لڑکی تعلیم یافتہ بن جاتی ہے تو اس کا گھر علم کا ۔گہوارہ بن جاتا ہے۔ اسلام نے بھی عورت کو معاشرے میں عزت کا مقام دیا ہے اور وہ عورتوں کی دینی و دنیاوی تعلیم کے حصول کی تعلیم دیتا ہے۔
اس زمانے میں لڑکیوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے اور لڑکیاں تعلیم کے میدان میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔ وہ علم کے ہر میدان میں ترقی کی طرف گامزن ہیں۔ مقابلہ جاتی امتحان میں بھی وہ لڑکوں پر بازی مار رہی ہیں۔ یہی سبب ہے کہ سماج میں لڑکیوں کی تعلیم کو اہمیت دینے کا رجحان بڑھ رہا ہے اور اس پر توجہ دینے کا نتیجہ ہے کہ آج ہر جگہ اسکول اور مدرسے کھل رہے ہیں جس میں لڑکیوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
مدرسہ البنات جہاں صرف لڑکیوں کو تعلیم دی جاتی ہے اسکی تعداد بھی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ لڑکیاں دنیاوی تعلیم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، وہ سائنس کے میدان میں بھی آگے بڑھ رہی ہیں، انجینئرنگ اور ڈاکٹری کی تعلیم بھی اب ان،کی پسند بنتی جا رہی ہے۔ خاص طور سے انجینئرنگ میں مسلم طالبات بڑھ چڑھ کر داخلہ لے رہی ہیں ۔ کمپیوٹر سائنس لڑکیوں کی پہلی پسند ہے اور وہ ایک اچھی پروگرامر بننا چاہتی ہیں۔
ہماری حکومت بھی تعلیم نسواں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں اداروں کو مالی مدد بھی فراہم کرتی ہے۔ لڑکیوں کے لئے وظیفے کا بھی خصوصی انتظام ہوتا ہے۔
آج سماج کے ہر طبقے میں لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو سمجھا جاتا ہے اور والدین اپنی بیٹیوں کو پڑھانے میں فخر محصوس کرتے ہیں وہ اپنے گھریلو خرچ کا بڑا حصہ اپنی بیٹیوں پر خرچ کرتے ہیں۔ اس زمانے میں تعلیم حاصل کرنا آسان نہیں رہ گیا ہے لیکن اس کے باوجود تعلیم حاصل کرنے کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آ رہی ہے۔ اسکول اور مدرسوں میں لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد نظر آتی ہے۔ تعلیم نسواں کی اہمیت کو لوگوں نے سمجھ لیا ہےاور سبھی اپنے بچوں کو دینی و دنیاوی تعلیم سے بہرہ ور کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان اور سماج کے لیے کارآمد ثابت ہوں۔ آج تعلیم کے میدان میں لڑکیوں اور لڑکوں کا فرق تقریباً ختم ہو چکا ہے اور تعلیم نسواں کی ضرورت اور کامیابی کا جو خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا اس کے شرمندہ ٔ تعبیر ہونے کا وقت آگیا ہے۔
0 comments:
Post a Comment